کراچی پریس کلب کے صدر اورمعزز صحافی کے ساتھ میں نے اور فردوس شمیم نقوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معذرت کی ہے۔فردوس عاشق اعوان

2399

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان مخالف بیانیے کو رد کردیا ہے۔ عمران خان پاکستان کے بیانیے کو تحفظ دینے امریکاگئے ہیں،

پاکستان دشمنوں کی سازشیں دم توڑرہی ہیں، پیر کے روز وزیراعظم اورامریکی صدرکی اہم ملاقات ہونے جارہی ہے, عمران خان اور ٹرمپ ملاقات سے مثبت اثرات رونما ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کراچی پریس کلب میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقعے پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران،سیکریٹر ی ارمان صابر،مجلس عاملہ کے اراکین،پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقو ی سمیت دیگراراکین بھی موجود تھے،

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ دنوں پریس کلب کے صد راور معزز صحافی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن کا جو ذاتی عمل تھا وہ نہ تو پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی عمران خان کے وڑن کا عمل کا آئینہ دار ہے نہ ہی پی ٹی آئی کسی ایسے عمل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اور فردوس شمیم نقوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معذرت کی ہے اور صحافتی تنظیموں کے قابل احترام کے اراکین جو پاکستان کے مفاد کے لیے ہمیشہ فرسٹ لائن آف ڈیفنس کا کردار ادا کرتے ہیں ان کے ساتھ ایسے کسی بھی سلوک کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کراچی پریس کلب میں بھرپور انداز میں میرا اور میری ٹیم کا استقبال کیا کہ جیسے میں اپنے گھر آئی ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہم نے بڑی تفصیل سے تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر میڈیا ورکرز کے مسائل کا احاطہ کیا ہے،انہوں نے صحافیوں کے 210 پلاٹس پر قبضے سے متعلق صحافی برادری کو یقین دلایا کہ وہ صحافیوں کی جانب سے وکیل ہیں اور صحافیوں کا مقدمہ وہ خود لڑیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام مسائل کے لیے سی پی این ای اور اے پی این ایس کے فورمز پر بھی جارہی ہوں اور آجر اور اجیر کے درمیان خلاکو بھی جہاں کہیں حقوق کے حوالے سے چیلنجز ہیں وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ان پر بات کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر کراچی، پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے،

اس میں میڈیا اسے مضبوط اور مستحکم رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے اسے ہر سطح پر سپورٹ کرنے ہر طرح کی سہولت دینے کے لیے میں کراچی آئی ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ایک طرف میڈیا ورکرز کا مقدمہ ان تنظیموں نے لڑا اور تمام حقائق اور حقوق کے ساتھ جڑے مسائل، میڈیا مالکان سے جڑی مشکلات کے تدارک کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میڈیا ورکرز کے مقدمے، اس ملک کے بیانیے کو پاکستان کے قومی مفاد بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے دورہ امریکا پر ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گز شتہ رات جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا دنیا کی تاریخ میں اس طرح کسی وزیراعظم کا اسٹیڈیم میں کھڑے ہو کر 30 ہزار سے افراد سے خطاب نہیں کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں پاکستان کا قومی مفاد اور اصل چہرہ پیش کرنے جارہے ہیں اس ملاقات سے خطے میں مثبت اثرات رونما ہونے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں مخالفین نے دانستہ طور پر پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے جو سازشیں کیں وہ دم توڑنے جارہی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کل کے اجتماع میں جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے جس طرح وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے بیانیے اعتماد کا اظہار کیا اس سے چند مٹھی بھر عناصر جو پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرکے اپنے مذموم سیاسی مقاصد دنیا کے سامنے پاکستان کے بیانیے کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہے تھے اس اجتماع نے ان کی تمام سازشوں پر پانی پھیردیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان سے باہر بیٹھے اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان مخالف بیانیے کو رد کرردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو جوڑنے میں اوورسیز پاکستانی کتنا اہم اور کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صدر ٹرمپ پاکستان کے حوالے سے ایک مخصوص سوچ اور ذہن رکھتے تھے وزیراعظم پاکستان کے دورے سے ہمیں 75 ہزار پاکستانی عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں انہیں تسلیم کرنے میں مدد ملے گی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو تحفظ ملنے جارہا ہے اور اس کے وقار میں اضافہ ہونے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف عمران خان ملک کی قومی سلامتی، قومی مفاد اور عوام کے حقوق کے بیانیے کو دنیا میں فروغ دینے کے لیے نکلے ہیں تو ہم توقع کرتے ہیں کہ کچھ سیاسی نابالغ دوست جو پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہوش کے ناخن لیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جسے احتجاج کرنا ہے اپنی آواز کو میڈیا پہنچانا ہے اور سیاست کرنی ہے تو وہ پاکستان میں آکر کرے پاکستان سے باہر ہم سب کا صرف ایک ہی بیانیہ، شناخت اور اس ملک اور قو م کا مفاد ہونا چاہیے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست پر رنگ چڑھانے کے لیے ہمیں بین الاقوامی سطح پر کوئی ایسے کندھے تلاش نہیں کرنے چاہئیں جن پر سوار ہو کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششوں میں حصہ دار بناجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام میڈیا، پریس کلب اور تمام ذمہ داران، میڈیا ہاؤسز کی شکر گزار ہوں اور توقع کرتی ہوں کہ جوں ہی ملاقات شروع ہوگی جس میں پاکستان کے بیانیے کو تحفظ دیا جائے گا اسے میڈیافروغ دے گا۔۔انھوں نے مزید کہا کہ گھوٹکی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے نوٹسز کا مذاق اڑایا جارہا ہے، پوری دنیا نے عمران خان کی کارکردگی پر اعتماد کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا رواج بن گیا فورسز پر الزام تراشی اور پوائنٹ اسکورنگ کرنی ہے، آپ کی وکالت ہوگی حقدار کا حق دینا ہی عمران خان کا وڑن ہے، 25 جولائی قوم یوم احتساب کے طور پر منائے گی، 25 جولائی کوآپ دیکھ لیں گے عوام کس کے ساتھ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا فاٹا الیکشن میں 2 نامور پہلوان جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، عوام نے ان دونوں پارٹیوں کی سیاست کورد کردیاہے، عوام ان کے مک مکا اورگٹھ جوڑ سے بخوبی آگاہ ہیں۔

سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سندھ میں تبدیلی آپ کے ووٹ کیساتھ جڑی ہے، سندھ میں جمہور دم توڑ رہا ہے اور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے، آپ کا جمہور پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہا ہے، یہاں جمہور کی نہیں جمہوریت کی فکر ہے، جمہور کو جمہوریت کے ذریعے مضبوط کریں گے۔