سری لنکا کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہو گی، تمیم اقبال

180

ڈھاکا(جسارت نیوز)بنگلا دیشی ٹیم کے قائم مقام کپتان تمیم اقبال نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہو گی، ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے پاس سیریز میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے، امید ہے کہ وہ بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلوانے میں کردار ادا کریں گے۔ بنگلا دیشی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی اور بنگال ٹائیگرز کوا سٹار آل رائونڈر شکیب الحسن، لٹن داس، ریگولر کپتان مشرفی مرتضیٰ اور محمد سیف الدین کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، چاروں کھلاڑی انجری مسائل سے دوچار ہیں۔ تمیم اقبال نے کہا کہ سری لنکا ہوم گرائونڈ پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے اسلئے ٹیم کیلئے یہ سیریز چیلنجنگ ہو گی، سیریز میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی، ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے اگر پوری ذمہ داری لی تو یہ نہ صرف ٹیم بلکہ ان کیلئے بھی فائدہ مند ہو گا۔