انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے ارکان آج پاکستان کے دورے پر پہنچے گے

655

اسلام آباد(جسارت نیوز) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی چار رکنی کمیٹی آج پاکستان کے دورے پر آئے گی اور یہاں پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ پی ٹی ایف کے حکام نے چار رکنی ڈیوس کپ کمیٹی کی پاکستان آمد کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے اسپیشل نائب صدر محمد خالد رحمانی نے ’’سرکاری خبر رساں ادارے‘‘ کو بتایا کہ چار رکنی ڈیوس کپ کمیٹی پیر کو پاکستان کے دورے پر آئے گی اور یہاں پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 14 اور 15 ستمبر کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں پر ازبکستان، کوریا اور تھائی لینڈ کے درمیان 2017ء اور 2018ء میں ٹائیز کھیلی جا چکی ہے۔ آخری مرتبہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2006ء میں ممبئی میں ڈیوس کپ ٹائی کھیلا گیا تھا۔