عبدالغنی فٹبال،چنیسر بلیوز سیمی فائنل میں ،ہنٹر اسپورٹس آئوٹ

163

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہہد فٹبال ٹورنامنٹ کا چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ چنیسر بلیو اور ہنٹر اسپورٹس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر دبائو ڈالتے ہوئے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس کوشش میں میچ کے 9 ویں منٹ میں چنیسر بلیو کی طرف سے دانیال محمود نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی ور پھر میچ کے 20 ویں منٹ میں چنیسر بلیو کی طرف سے دانیال نے دوسرا گول اسکور کرکے میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کرلی۔اس شاندار کوارٹر فائنل میچ کے مہمان خصوصی پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور سابق ایم پی اے سندھ جاوید ناگوری تھے جن کا میچ کے دوسرے ہاف سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا۔اس دوران ہنٹر اسپورٹس کے فارورڈز نے گول اسکور کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کے آخری لمحات میں چنیسر بلیو کی ٹیم نے تیسرا گول کرڈالا،یہ گول چنیسر بلیو کے سینئیر کھلاڑی محمود لاسی نے اسکور کیا۔ اسی اسکور پر یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔اس طرح چنیسر بلیو کی ٹیم نے یہ کوارٹر فائنل میچ صفر کے مقابلے بمیں 3 گول سے جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اس میچ کو ریفری شاہنواز شانی نے سپروائز کیا جبکہ ڈٍپٹی ریفریز میں یوسف فیفا اور حیدرعلی شامل تھے۔میچ ریفری استاد عبدالطیف تھے اور میچ کمشنر کے فرائض حسب معمول مولا بخش، جمیل احمد اور پیر محمد پیرل نے انجام دیے۔آج ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا جبکہ بروز بدھ 23 جولائی کو ٹورنامنٹ کا پہلا شاندار سیمی فائنل میچ گرین بلوچ ماریپور اور خیبر مسلم کے درمیان شام 4 بجے کھیلاجائے گا۔