دورہ امریکا: وزیر اعظم کے ساتھ،فوجی قیادت کی موجودگی مثبت ہے، محمد اسلم

139

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران اہم پیش رفت کا امکان ہے، دورے میں وزیر اعظم کے ساتھ فوجی قیادت کی موجودگی سے مثبت پیغام جائے گا جبکہ اس سے افغانستان میں بھارت کا مصنوعی رول ختم اور اس کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ضائع ہو جائے گی۔ اتوار کو جاری بیان میں انہوں
نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن افغانستان میں امن، خلیج کی صورتحال، پاک امریکا تجارت میں اضافے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت اور پاکستان کے لیے تجارتی مراعات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کوآئندہ الیکشن جیتنے کے لیے افغانستان کی صورتحال میںاہم پیشرفت کی ضرورت ہے جو پاکستان کی مدد کے بغیر ناممکن ہے اس لیے پاکستان جواب میں آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ملک کو بلیک لسٹ کرنے کے خطرے کو ختم کرائے کیونکہ پاکستان کا معاشی استحکام خطے میں امن کی ضمات ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، بھارتی مسلمانوںکے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، پاکستان میںدہشت گردی اوربھارت کی جانب سے ہمارے حصے کے پانی کی چوری کی طرف بھی دلوائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے آبی دہشت گردی کر رہا ہے جس سے ملک میں پانی کی قلت ہو گئی ہے،اس معاملے کا جتنی جلدی حل نکالا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔
محمد اسلم