پرامن انتخابات قبائلی عوام کے جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت ہیں،عوامی تحریک

107

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کو پاکستان کے جمہوری مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی میں براہ راست نمائندگی سے قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور ریاست کی رٹ قائم ہو گی۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، کور کمیٹی کے ارکان بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پرامن انتخابات اس بات کا ثبوت ہے کہ قبائلی عوام جمہوریت پسند، مہذب اور پرامن ہیں۔یہاںپہلے الیکشن میں خواتین نے بھی
ووٹ کا آئینی حق استعمال کیا۔ پرامن انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ نوراللہ صدیقی نے کہا کہ قبائلی عوام نے پاکستان کے استحکام اور دفاع کی جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں ، اب جمہوری عمل میں حصہ لے کر پاکستان سے اپنی محبت کا والہانہ ثبوت دیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ قبائلی عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ مرکوز کرے ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز کی کمی کا کوئی بہانہ آڑے نہیں آنا چاہیے۔دریں اثناء کور کمیٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ اور اسپتال کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو پاکستان کا امن ہضم نہیں ہورہا۔
عوامی تحریک