پی ٹی آئی نے سبز باغ دکھا کر ملک پر ظلم کا نظام مسلط کیا، راشد نسیم

191

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے سبز باغ دکھا کر اور تبدیلی کے نعرے لگا کر ایک بارپھر ملک پر ظلم و جبر کا وہی نظام مسلط کردیاہے جو سابق حکومتوں کے دور میں تھا ۔ بلند و بانگ دعوئوں کے ساتھ اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو مایوسیوں اور محرومیوں کا شکار کیا ۔ ملک کی تقدیر صرف اللہ کا نظام ہی بدل سکتاہے ۔ اب قوم کو متحد ہو کر اللہ کی رسی ، قرآن کو پکڑ لینا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی طالع آزما ان کی تمنائوں اور آرزوئوں کا خون نہ کرسکے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کی 2 روزہ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہاکہ قوم نے بار بار مختلف سیاسی جماعتوں کو آزمایا اور انہیں اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا مگر ان حکمران پارٹیوں نے عوام کے خوابوں کو چکناچور کیا ۔ عوام آج مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کے تسلط میں دبے ہوئے ہیں اور کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں صرف قرآن و سنت کا آفا قی نظام ہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔ قوم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔
راشد نسیم