ہمارے ملک میں کمپنیاں موبائل کی فیکٹریاں لگارہی ہیں، فواد چوہدری

173

ہمارے ملک میں کمپنیاں موبائل کی فیکٹریاں لگارہی ہیں،اس لئے موبائل فون کی درآمد پر پابندی ضروری ہے۔ یہ بات وفافی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جدہ میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرعالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان بھی موجود تھے۔
فواد چوہدری نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی حکومت سے بات چیت جاری ہے، عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔انھوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کا خاص طور پرشکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ وطن بھیجا ہے۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کےحل کے لئے خصوصی طور پرکام کررہی ہے۔
فواد چوہدری نے پاکستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہ جب معاملہ عدالتوں اور(ن) لیگ کے درمیان ہے تو حکومت کیوں جج ارشد ملک کے بیان کی حمایت میں پریس کانفرنسیں کرے ۔انھوں نے کہا کہ وزراء اور حکومت کو ان معاملات پر نہیں بولنا چاہئے یہ غلط ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی ہم نے 200 ارب کے قرضوں کی قسط دی ۔خزانے کو رقم کی ضرورت ہے دوست ممالک نے بھر پور تعاون کیا ہے۔ معاشی حالات ٹھیک کرنے کے لئےعوام کو ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ حب الوطنی کا تقاضا ہے عوام اور سرمایہ دار ایمانداری سے ٹیکس ادا کریں ۔
وفافی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عامر خان کو زبرد ست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “موسم جدہ کلچرل فیسٹول” کے تحت ہونے والے باکسنگ کے مقابلوں میں آسٹریلوی باکسر بیلی دیب کے خلاف عامر خان کی شاندار کامیابی نے پاکستان کی عزت و احترام میں اضافہ کیا ہے۔ باکسنگ کے دوران ہزاروں لوگ عامر خان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔
عامر خان نے اپنے خطاب میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں اسطرح کے مقابلے منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نےمزید کہا کہ میری کامیابی میں پاکستانیوں کی دعائیں شامل تھیں ۔انھوں نے پاکستان اپنے فلاحی کاموں میں تعاون کی اپیل بھی کی۔