فیصل آباد انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں،بیگا

236

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاںعبدالستاربیگانے کہا ہے کہ فیصل آباد انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال، اشیا خورونوش، سبزیوں اور پھل فروٹ میں 30 سے 40 فیصد اضافہ کر دیا گیا جبکہ گوشت کی قیمتوں میں 150 سے450روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیکر تاجروں کو لگام دیں،فیصل آباد انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہو نیکی وجہ سے مارکیٹ میں اشیا خورونوش، سبزیوں اور پھل فروٹ کی قیمتوں میں تیس سے چالیس فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بڑا گوشت 200روپے، مٹن گوشت فی کلو450 اضافہ کرکے 1150روپے مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ چینی 70سے 90، گھی 190سے 250، دیسی سبزیاں فی کلو 40روپے جبکہ پھل فروٹ میں آلوبخارہ 70 سے بڑھا کر200 روپے، خوبانی 80سے بڑھاکر130،جامن فی کلو 120 روپے کر دیا گیا ہے ۔غریب عوام قیمتیں بڑھنے سے سبزیوں، پھل فروٹ اور گوشت کھانے سے بھی محروم ہوکر رہ گئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے زونل امیر عبدالستاربیگا نے وزیراعلیٰ پنجاب،متعلقہ اداروں، ڈپٹی کمشنرفیصل آباد سے اپیل کی ہے کہ نوٹس لیکر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرکے مہنگے داموں اشیا خورونوش فروخت کرنے والے دکانداروںکیخلاف سرچ آپریشن کرنے کے احکامات جاری کریں۔