قمر الدین شیخ نے اللہ کے دین کی سربلندی کی جدوجہد میں زندگی گزاری

200

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ٹنڈو آدم کی جانب سے کوثر مسجد ٹنڈو آدم میں رکن جماعت اسلامی مرحوم قمر الدین شیخ کی یاد میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا، جس سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے سابق امراء عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری، مقامی امیر حاجی نورحسن، سید عریف اللہ، عبدالستار انصاری اور مرحوم کے بیٹوں سمیع الدین، محمد اقبال اور عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قمر الدین شیخ ایک سادہ طبیعت اور درویش صفت انسان تھے وہ انتہائی ملنسار تھے ان کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی وہ ہمیشہ تحریک کے لیے سرگرم اور ہمہ وقت حاضر رہتے تھے۔ انہوں نے ساری زندگی سچائی ایمانداری بندگان خدا کی خدمت اور اللہ کے دین کی سربلندی کی جدوجہد میں گزاری ہمیشہ خود بھی اہل خانہ اور اہل علاقہ کو اقامت دین کی جدوجہد سے جوڑے رکھا اور زندگی کے آخری سانسوں تک تحریک سے جڑے رہے، وہ زندگی کے آخری لمحے تک جماعت اسلامی کا ہراول دستہ بن کر اپنا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم انتہائی نرم گوشہ اور شفیق طبیعت کے مالک تھے وہ چھوٹے اور بڑے سب سے خوش مزاجی سے پیش آتے تھے اور ہر ملنے جلنے والے کو نماز پڑھنے اور دین پر چلنے کی دعوت دیتے تھے وہ جماعت اسلامی کا سرمایہ تھے اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔