نوشہرو فیروز ،روہڑی کینال میں 250 فٹ شگاف، فصلیں زیر آب

169

 

نوشہرو فیروز (نمائندہ جسارت) روہڑی کینال میں 250 چوڑا شگاف، وسیع علاقہ اور کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں، محکمہ انہاد (آبپاشی) کے نہ پہنچنے پر دیہایتوں نے شگاف پر کرنے کی کوشش کی، نوشہرو فیروز اور نوابشاہ کے ڈپٹی کمشنر، رینجرز کرنل کے بعد محکمہ انہار (آبپاشی) کے افسران موقع پر پہنچے۔ روہڑی کینال آر ڈی نمبر 440 گاؤں یوسف ڈاھری موری کے سامنے اچانک پڑنے والا پچاس فٹ چوڑا شگاف محکمہ انہار (آبپاشی) کی نا اہلی سے دیکھتے ہی دیکھتے 250 فٹ چوڑے شگاف میں تبدیل ہوگیا جس کے نتیجے میں شگاف سے بہنے والے پانی سے ایک وسیع علاقہ اور ہزاروں ایکٹر پر کھڑی کپاس، دھان، جوار، باجرہ، مکئی، گوار، مونگ اور سورج مکھی کی فصلیں زیر آب آگئیں اور پانی فصلوں سے ہوتا ہوا لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ دیہایتوں کے مطابق بروقت اطلاع کے باوجود محکمہ انہار (آبپاشی) کا کوئی آفیسر، ملازم موقع پر نہیں پہنچا اور متاثرہ دیہایتوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا، جس پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پرکرنے کی کوشش کی لیکن پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے دیہاتی شگاف پر کرنے میں ناکام رہے۔ شگاف پڑنے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن بلال شاہد راؤ، ڈپٹی کمشنر بینظیر آباد ابرار احمد اور کرنل شکیل احمد رینجرز بینظیر آباد نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ محکمہ انہار (آبپاشی) کو ہدایت کی کہ شگاف کو پر کرکے بہنے والے پانی کو قریب سے گزرنے والے سیم نالوں میں ڈالنے کی کوشش کریں تاکہ علاقے میں کم سے کم نقصانات ہوں، بڑی تعداد میں رینجرز کے نوجوان کشتیاں لے کر شگاف میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے پہنچے اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے شگاف میں پھنسے لوگوں کو نکالا، آخری اطلاعات کے مطابق سکھر سے روہڑی کینال کو بند کرکے رینجرز کی مدد سے شگاف پر کیا جارہا تھا۔