محکمہ آبپاشی اور سیڈا کڈھن نہروں کو مکمل گیج دینے میں ناکام ہیں

303

کڈھن (نمائندہ جسارت) آبپاشی سب ڈویژن کڈھن کو واٹر گیج مکمل نہ مل سکا، جمعیت علماء اسلام ضلع بدین رہنمائوں کی قیادت میں آبپاشی اور سیڈا عملداروں کے علامتی جنازے نکال کر علی چوک سے ریلی نکال کر کڈھن علی بندر روڈ پر دھرنا دیا گیا، ٹریفک کی روانی معطل۔ آبپاشی سب ڈویژن کڈھن کی نہروں کو واٹر گیج مکمل نہ ملنے اور راجواہ نہر میں پانی ٹیل تک نہ پہنچنے کیخلاف کڈھن جمعیت علما اسلام (ف) تحصیل بدین کے صدر مولانا اللہ بخش نوتیار، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرحیم گوپانگ، مولانا عطاء اللہ بروہی کی قیادت میں علی بندر چوک سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں کاشتکاروں میر واحد بخش بروہی، تنگائی خان بروہی، گل محمد گرگیز، علی محمد شورو، اللہ ڈنو ملاح، محمد الرحیم ملاح اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی علی بندر روڈ سے ہوکر عوامی پریس کلب پر پہنچی جو دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ شرکا سے مولانا اللہ بخش نوتیار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی اور سیڈا عملداروں نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے، ہمیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر ہمارا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔ علی پور ریگولیٹر سے رکاوٹیں ہٹا کر فلڈ کینال بند کر کے سب ڈویژن کڈھن کو مکمل واٹر گیج دیا جائے۔ سب ڈویژن کڈھن کو آبپاشی عملداراور سیڈا چیئرمین مکمل گیج دینے میں ناکام ہوئے ہیں جس کی وجہ سے راجواہ نہر میں پانی ٹیل پر نہیں پہنچ رہا، اکرم واہ پر لفٹ مشینوں کے ذریعے پانی چوری ہورہا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ علی پور ریگولیٹر سے رکاوٹیں ہٹا کر فلڈ کینال بند کرکے اکرم واہ سے لفٹ مشینوں کے ذریعے پانی چوری کرنے والے بااثر افراد کیخلاف کارروائی کرکے آبپاشی سب ڈویژن کڈھن کو مکمل واٹر گیج دے کر ہمیں معاشی نقصان سے بچایا جائے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔