جاڑکی شاخ میں دو سال سے پانی میسر نہیں، لاڑ بچائو تحریک

154

تلہار (نمائندہ جسارت) ضلع میں پانی کی شدید قلت اور چوری کیخلاف بدین بچائو کمیٹی، لاڑ بچائو تحریک اور کاشتکاروں کی جانب سے متارو اسٹاپ پر دھرنا دے کر مین حیدر آباد، بدین اور گولارچی کو ملانے والی شاہراہ بلاک کردی، 48 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی کے باوجود مظاہرین کئی گھنٹے سڑکوں پر بیٹھے نعرے بازی کرتے رہے۔ دھرنے کے باعث تینوں شہروں سمیت مضافات کے سیکڑوں دیہات کو آنے جانے والی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر سٹی پریس کلب تلہار کے صحافیوں سے گفتگو کرتے بدین بچائو کمیٹی کے میر نور احمد تالپور، فراز شاہ، اعجاز احمدانی، لاڑ بچائو تحریک کے لکھی جمالی، عزیز ڈیرو، عبداللہ چانگ اور کاشتکاروں حاجی عبدالکریم لغاری، حاجی اشرف جونیجو، شعیب لغاری و دیگر نے بتایا کہ ضلع بھر کی طرح جاڑکی شاخ، امام واہ، ڈوکیا واہ، شاہ واہ میں پانی کی شدید قلت ہے، جاڑکی شاخ دو سال سے پانی سے مسلسل محروم ہے۔ کمر توڑ مہنگائی اور معاشی بدحالی کی وجہ سے لوگ کاشتکار اپنی زمینیں چھوڑ کر دوسرے شہروں کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں، آفت زدہ الگ لیکن یہاں پانی کی قلت کی وجہ سے قحط جیسی صورتحال ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں لوگ گھنٹوں تپتی دھوپ میں بھی سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں انتظامیہ ائر کنڈیشنڈ کمروں میں آرام کررہی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے عوام کے اہم مسئلے کا نوٹس لے کر انصاف کی اپیل کی ہے۔