لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر جلنے کی وجہ بجلی چوری ہے، کل جماعتی اتحاد

208

نوشہرو فیروز (نمائندہ جسارت) سیپکو محراب پور کے لیے نئے اسسٹنٹ منیجر کی تقرری کیساتھ بجلی چوری میں معطل لائن مین بحال، کل جماعتی اتحاد سیپکو کی کرپشن بے نقاب کرنے کے لیے تحریک چلائے گی۔ یہ بات اتحاد کے سربراہ ایم جاوید اقبال نے پریس کلب پر احتجاج کے بعد صحافیوں کو بتائیں، ان کا کہنا تھا کہ تجارتی مراکز میں 18 گھنٹے اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، جلے ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے سے فرنیچر، چپل سازی، الیکڑونکس، چکی، آرا مشین اور ویلڈنگ سمیت دیگر کاروبار تباہ ہوگیا، مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں، لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر جلنے کی وجہ بجلی چوری ہے، نئے اسسٹنٹ منیجر اسرار باجکانی کی تقرری کیساتھ ایکسپریس فیڈر میں بجلی چوری میں معطل لائن مینوں کو بھی بحال کردیا ہے۔ لائن سپرنٹنڈنٹ احمد منگی ہزاروں ائر کنڈیشن اور کنڈا کنکشنوں سے ماہانہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ چوری کے لاکھوں یونٹ غریب صارفین سے اضافی بلوں کی صورت میں وصول کیے جارہے ہیں۔ سیپکو کرپشن بے نقاب کرنے پر صحافیوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی جاتی ہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مجاہد علی سامیٹو، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری ظہور حیدر آرائیں، جماعت اسلامی کے رہنما ندیم احمد غوری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مجاہد بدرالدین سومرو، پاکستان فلاح پارٹی کے رہنما محمد ارشد قادری نے محراب پور کے صحافیوں کو سیپکو کی کرپشن عیاں کرنے پر سیپکو افسران کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافت معاشرے کا چوتھا ستون ہے اور لوڈشیڈنگ نے شہر کا کاروبار تباہ کردیا ہے۔ سیپکوکیخلاف لکھنے والوں صحافیوں کیخلاف انتقامی کارروائی پر سیاسی، سماجی تنظیمیں خاموش نہیں رہیں گی۔