بااثر زمیندار کے مظالم سے نجات دلائی جائے، زبیدہ لغاری

29

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے نواحی گوٹھ کے رہائشی افراد نے بااثر وڈیرے اور پولیس کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر زبیدہ لغاری، اسد علی لغاری اور افشین لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوٹھ جام خان لغاری کے زمیندار خان محمد عرف خانو لغاری نے بلاجواز 2015ء سے ہمیں ہراساں کرنا شروع کیا ہوا ہے۔ اپنے رشتے داروں سے مل کر ہمارے گھروں پر حملہ کروانا، ہمیں ہراساں کرنا روز کا معمول بن گیا ہے، ہم نے پولیس سے کئی مرتبہ اس کی شکایت کی لیکن پولیس مذکورہ وڈیرے کیخلاف کیس درج کرنے کے بجائے ہمیں ہی ہراساں کرتی ہے جبکہ وڈیرا ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وڈیرے اور پولیس کیخلاف کارروائی کی جائے اور ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔