حیدرآباد ،گرمی کی شدت میں اضافہ ،حیسکو کے ستائے سڑکوں پر

204

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں گرمی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا، ساتھ ہی حیسکو کی جانب سے بجلی کے تعطل سے شہری بلبلا اٹھے۔ حیدر آباد میں اتوار کے روز شدید گرمی رہی اور سورج آگ برساتا رہا، ساتھ ہی حیسکو نے بھی شہریوں کو اذیت دینے میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی، شہر کے مختلف علاقوں جن میں سرفرار کالونی، گاڑی کھاتہ، نورانی بستی، لیاقت کالونی، پھلیلی، ہالا ناکہ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں، بجلی کا تعطل رہا، یہاں کے علاقہ مکین نہ رات کو چین کی نید سو سکے نہ اتوار کو چھٹی کے دن آرام ملا، جیسے ہی گرمی بڑھتی ہے حیسکو کی ناقص کارکردگی کا پول کھل جاتا ہے، کئی مقامات پر ٹرانسفارمر ٹرپ ہوگئے۔ سرفراز کالونی میں صبح پانچ سے بجلی کا تعطل شروع ہوا، جو کہ دوپہر تک جاری رہا، گاڑی کھاتہ سب ڈویژن میں بھائی خان کے علاقے میں طویل بندش جبکہ کھوکھر محلہ، گول بلڈنگ، رسالہ روڈ کے علاقے میں آنکھ مچولی جاری رہی۔ شہریوں نے وفاقی وزیر پانی وبجلی سے اپیل کی کہ وہ گرمی کا احساس کرتے ہوئے حیسکو کا قبلہ درست کریں۔