سائبر کرائم سیل نے12 سالہ بچی کی وڈیو بنانے والے کو گرفتارکرلیا

216

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے 12سالہ بچی کی وڈیو بنانے والے کو گرفتار کرلیا، سائبر کرائم سیل نے لڑکی کی ماں کی شکایت پر ملزم کو 2دن میں گرفتار کرلیا ، ملزم کے خلاف چائلڈ پورنوگرافی کا اپنی نوعیت کا انتہائی حساس اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کو ایک 12سالہ لڑکی کی ماں کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ ایک شخص جس کا نام محمد نبراز ولد ظہیر محمود ڈیفنس فیز 5 کراچی کا رہائشی ہے ، ان کی معصوم بچی کو نہ صرف بلیک میل کررہا ہے بلکہ جنسی طور پر ہراساں بھی کررہا ہے، عموماً ایسے کیس کم درج ہوتے ہیں مگر اس ماں نے ہمت کے ساتھ ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کرکے مقدمہ درج کرایا۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم اپنے ایک ایزی پیسہ کرنے والے دوست سے لڑکیوں کے نمبر لیتا اور پھر واٹس ایپ پر ان کو بلیک میل کر کے کسی جگہ بلا کر ان کی ویڈیو بنالیتا، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ملزم نبراز کو گرفتار کرکے بہت سی وڈیوز اور شواہد بھی برآمد کرلیے ،جن میں ملزم نے دیگر بچیوں اور ایک غیر ملکی کینیڈین عورت کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ متاثر ہ بچی چھٹی کلاس کی طالبہ ہے اور ذہنی طور پر مفلوج ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ سائبر کرائم میں درج سزاؤں میں سب سے زیادہ اور انتہائی سخت سزائیں اسی چائلڈ پورنوگرافی کے کیس میں ہیں، جس میں 7سال قید 50 لاکھ روپے جرمانہ ہے، ساتھ ہی ملزم کی مدعی کے ساتھ صلح کی کوئی گنجائش نہیں۔