تھائی مصنوعات کی نمائش دوسرے روز بھی جاری، شہریوں کا رش

149

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) تھائی مصنوعات کی نمائش ٹاپ تھائی برینڈز 2019ء مقامی ہوٹل میں دوسرے دن بھی جاری رہی۔ اتوار کو بزنس کمیونٹی کے افراد اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں نمائش کا رخ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ نمائش میں انہیں تھائی مصنوعات کی خریداری کا موقع ملا جس پر وہ بہت خوش ہیں۔ نمائش کے آخری روز (آج) پریس کانفرنس میں تھائی حکام کاروباری معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو بزنس کمیونٹی کے افراد نے نمائش کا دورہ کیا اور تھائی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران متعدد صنعتکاروں نے تھائی کمپنیوں سے ڈیلرشپ، ٹیکنالوجی ٹرانسفراور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ صنعتکاروں نے نمائش کے انعقاد کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔ اتوار کو عام لوگوں خصوصاً فیملیز کا بہت رش رہا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں کراچی میں تھائی لینڈ کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات مل رہی ہیں جس سے وہ بہت خوش ہیں۔یہ نمائش رائل تھائی گورنمنٹ کی وزارت کامرس کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن اور ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔نمائش کے منتظم ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشدالحق نے بتایا کہ نمائش میں شریک کمپنیوں کے نمائندے کاروباری افراد اور عام عوام کے ریسپانس سے کافی مطمئن ہیں اور نمائش کامیابی سے جاری ہے۔ ایونٹ میں کاسمیٹکس و ہربل پروڈکٹس، فوڈ آئٹمز، پلاسٹک ہاؤس ویئر،بلب، گیس اسٹوو، تالے، آٹو پارٹس ودیگر اشیا نمائش کے لیے موجود ہیں۔نمائش پیر کو بھی جاری رہے گی۔