وفاق نے 6 نکات پر عملدرآمد نہ کرایا تو بی این پی فیصلے میں آزاد ہوگی،اختر مینگل

178

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بی این پی کے 6 نکات پر عملدرآمد کرائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو اپنا فیصلہ کرینگے، جب تک لاپتا افراد اپنے گھروں تک نہیں پہنچیں گے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ،بلوچستان کے مفادات کا تحفظ کرنا بلوچ پشتون کی مشترکہ ذمے داری ہے ، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ بلوچستان کی تمام اقوام اپنے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔گزشتہ رات کچلاک میں بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ کے بیٹے کے ولیمے میں شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ جن لوگوں کو اقتدار دیا گیا صوبے کے عوام گواہ ہیں کہ ان لوگوں نے کبھی بھی بلوچستان کے حقوق کے لیے جدوجہد نہیں کی بلکہ ہمیشہ اپنے مفادات کا سودا
کیا،انہوں نے کہا کہ آج تک کسی نے لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے کی جرأت نہیں کی، بلوچستان نیشنل پارٹی یہ گناہ اپنے سر لیے ہوئے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ہم جمہور ی لوگ ہیں جمہوری سوچ پر یقین رکھتے رہیں، بی این پی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی نے بلوچستان کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں صوبے کی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت نے اتنے شہداء نہیں دیے جتنے بی این پی مینگل نے دیے ،کبھی بھی اقتدار کی لالچ نہیں کی ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مفاد اور صوبے کے ساحل، وسائل کے لیے جدوجہد کی ہے جس کا صلہ عوام نے عام انتخابات میں دے دیا اب ہماری ذمے داری بنتی ہے کہ ہم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔
اختر مینگل