کراچی میں ایک ارب 71 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کردیے،مراد علی شاہ

437

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میںایک ارب 71 کروڑ روپے سے زاید کے7 نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے‘ آئی آئی چندریگر روڈ ، ابن سینا روڈ کی بحالی، ایم ٹی خان روڈ کی بیوٹیفکیشن و دیگر اسکمیں شامل ہیں‘ سیاسی تفریق کے بغیر کام کر رہے ہیں‘ گھوٹکی الیکشن میں حکومتی مشینری کے استعمال کا الزام بے بنیاد ہے‘ مخالفین کہہ رہے تھے کہ پی پی پی کے پاس این اے 205 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کوئی امید وار نہیں ہے مگر جب ہم نے صحیح اور ایک بہترین امید وار کھڑا کیا تو یہی مخالفین حکومتی مشینری کے استعما ل کے بے بنیاد الزامات عاید کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات شہر قائد کے اچانک دورے کے دوران میڈیا سے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیراعلیٰ بلدیات سعید غنی اور صوبائی مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لیاری میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ بغیر کسی سیاسی تفریق کے ترقیاتی کام کر رہے ہیں‘ ہمیں اس بات کی کوئی پروا نہیں ہے کہ وہ علاقے جہاں پر ترقیاتی کام جاری ہیں وہاں کے رہنے والے لوگوں نے پی پی کو ووٹ دیے ہیں یا نہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے گارڈن، شہید ملت روڈ، کورنگی، ہاکس بے روڈ اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں7 نئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں جن پر لاگت کا تخمینہ 1714.340 ملین روپے ہے‘ ان اسکیموں میں 248.340 ملین روپے کی آئی آئی چندریگر روڈ کی بحالی، 260 ملین روپے کی لاگت سے ابن سینا روڈ کی بحالی، 190 ملین روپے کی لاگت سے یونیورسٹی روڈ سے ایم اے جناح روڈ تا پیپلزچورنگی،176 ملین روپے کی لاگت سے ایم ٹی خان روڈ تا پنجاب چورنگی اور پی آئی ڈی سی تا جناح برج کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے سمیت دیگر اسکیمیںشامل ہیں۔ مراد علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ 10.76 ملین روپے کے کراچی پیکیج کے تحت 17 اسکیمیں جاری ہیں اور یہ اسکیمیں اگست کے آخر اور دستمبر کے آخر تک مکمل ہوجائیں گی‘ ان جاری اسکیموں میں 202 بلین روپے کی لاگت سے سب میرین چورنگی پر انڈر پاس کی تعمیر جس کا 95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کراچی کے لوگوں کو بہترین انفرااسٹرکچر اور ان کے معیاری زندگی کو تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔
مراد علی شاہ