ہوتی میں ایف سی کی کارروائی: بی آر اے کمانڈر خیرا عرف خیر اللہ بگٹی ہلاک

190

ڈیرہ مرادجمالی، نصیرآباد(اے پی پی)چھتر کے علاقے ہوتی میں ایف سی کی کارروائی کے دوران بی آر اے کمانڈر خیرا عرف خیر اللہ بگٹی ہلاک۔تفصیلات کے مطابق ایف سی کرنل کمانڈنٹ سبی اسکاوٹس چودھری وقار اور ڈی آئی جی نصیرآباد شہاب عظیم لہڑی نے ایف سی ہیڈکوآرٹر ڈیرہ مراد جمالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب چھتر کے علاقے ہوتی میں ایف سی کی کارروائی کے دوران بی آر اے کمانڈر خیرا عرف خیر اللہ بگٹی ہلاک ہوگیا تھا،یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گردی واقعات میں مطلوب تھا جس میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کرانے اور فورسز پر حملے کرنے کے علاوہ نصیرآباد کے عوام پر ظلم، جبر اور زیادتی کے واقعات بھی تھے۔ انہوںنے کہاکہ کمانڈر خیرابی آر اے کے لیے کام کرتا تھا اس کا پورا خاندان 2016 ء میں افغانستان منتقل ہوگیا تھا، کمانڈر خیرا اور اس کا بھائی خاوند بخش عرف خاندو نے افغانستان میں را سے ٹریننگ حاصل کی، خاندو اب بھی افغانستان میں مقیم ہے جبکہ کمانڈر خیرا کو بی آر اے کی طرف سے نصیرآباد اور سبی کے علاقے میں بدامنی اور دہشت گردی کارروائی کرانے کا ٹاسک دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ یہ آپریشن علاقے میں دشمن کی ناکامی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی کا مظہر ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم سب مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے اور پورے بلوچستان میں امن وامان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی۔
ایف سی کی کارروائی