ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوج کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن

213

سری نگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے اتوار کی صبح ضلع بارہمولہ میں کریری کے علاقے بنڈی پائین میںبڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ کارروائی بھارتی فوج کی 52راشٹریہ رائفلز، پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور دیگر فورسز نے مشترکہ طورپرشروع کی۔ فورسز نے علاقے کے تمام داخلی اورخارجی راستوں کو بندکرکے گھر گھر تلاشی لینی شروع کردی۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے جنوبی ایشیا میںبڑی تباہی سے بچنے کے لیے تنازع کشمیر کو اس کے تاریخی پس میں جمہوری انداز میںحل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر میںایک اجلاس کے بعد جاری بیان میںکشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد آزادی کو فوجی طاقت کے ذیعے دبانے کی شدید مذمت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردارکیاکہ تنازع کشمیر کو سردخانے میں ڈالنے سے پورے جنوبی ایشیا کا امن تباہ ہوسکتا ہے۔ بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی گئی۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں عدالت عالیہ نے کولگام سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سرتاج احمد ڈار پر لاگو کیے گئے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قراردیاہے جس کو رواں سال فروری میں اس قانون کے تحت جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔
بھارتی فوج