ایرانی خبرایجنسیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بند‘ انتظامیہ کی تصدیق

208

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے 3 ایرانی خبر رساں اداروں کے فارسی زبان کے اکاؤنٹس معطل کردیے۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق 2 روز قبل ایران کی جانب سے برطانوی تیل بردار جہاز قبضے میں لینے کے بعد ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ٹوئٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی میڈیا کے اکاؤنٹس کو ’بہائی مذہب‘ سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنا کر ہراساں کرنے پر معطل کیے گئے۔ٹوئٹر حکام نے غیر فعال اکاؤنٹس کی نشاندہی نہیں کی اور موقف اختیار کیا کہ معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہے۔علاوہ ازیں ایرانی پبلک اسپیکر علی اکبر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا۔ایرانی میڈیا اداروں کے انگریزی زبان کے اکاؤنٹس پر کہا گیا کہ اکاؤنٹ معطل، ٹوئٹر نے اکاؤنٹس معطل کردیے جو ٹوئٹر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔مہر نیوز ایجنسی کے مطابق، ان کا فارسی زبان کا اکاؤنٹ 19 جولائی کی شب کو آبنائے ہرمز میں اسٹینا امپیرو نامی بحری جہاز کو قبضے میں لینے کی خبر پر بلاک کردیا گیا۔