چیئرمین ایف بی آر کا بینک سربراہان کو خط، بےنامی اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

172

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے تمام بینکوں سے بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی نے تمام بینکوں کے سربراہان کو خط لکھا ہے، جس میں اکاؤنٹ ہولڈرز کے بےنامی اکاؤنٹ کی تفصیل خود طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا اکاؤنٹ ہولڈرز سے بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیل بینک خود طلب کریں، ایف بی آر اکاؤنٹ ہولڈرز سے براہ راست رابطہ نہیں کرنا چاہتا، اقدام لوگوں کے ایف بی آر پر اعتماد قائم رکھنے کے لیے ہے۔

شبرزیدی کا کہنا تھا بے نامی اکاؤنٹس پر فراہم معلومات خفیہ رکھی جائیں گی، ایف بی آر قانونا بےنامی اکاؤنٹس کی نشاندہی کا ذمےدار ہے، اس سلسلے میں ایف بی آر اور بینک مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے خط میں کہا بے نامی اکاؤنٹس کی نشاندہی کے لیے تمام بینکوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ تمام بینکوں سے بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق معلومات جو بینکوں کو حاصل ہیں، پندرہ یوم میں ایف بی آر کو فراہم کریں۔