امریکا سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ کرسکیں،وزیر خارجہ

174

واشنگٹن(صباح نیوز+اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم امن و استحکام کی بات کررہے ہیں، مریکاسے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ کر سکیں، ہم ایڈ کی نہیں ٹریڈ کی بات کررہے ہیں، اس لیے امریکا میں امداد مانگنے نہیں بلکہ نئی سوچ اور نقطہ نظر کیساتھ امریکا آئے ہیں۔واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم مشکل معاشی صورت حال سے دوچار ہے جو ورثے میں ملی ہے لیکن دورہ امریکا میں خود داری سے بات کریں گے اور عمران خان امریکا میں پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں کے بند کمروں میں کمیونٹی اجلاس ہوتے رہے ہیں،امریکا میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی عمران خان کو سننا چاہتی ہے اور وہ نئے پاکستان کے تصور سے آگاہ ہونا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کا اتنا
بڑا ایونٹ پہلے کبھی نہیں ہوا،وزیراعظم عمران خان کو گرائونڈ میں سننے کے لیے اب تک 19ہزار افراد نے رجسٹریشن کرالی ، شیڈول کے مطابق عمران خان کیپیٹل ون ارینا اسٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے 21 جولائی کو خطاب کریں گے۔افغان امن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مفاد ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے امریکا سے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان کا پڑوسی نہیں البتہ بھارت نے افغانستان میں سرمایہ کاری کی ہے،ہم جنوبی ایشیا میں ترقی کا راستہ کھولنے کے لیے ہرسطح پرکوشش کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حال ہی میں ہونے والے کرتارپور راہداری منصوبے کے دوسرے دور کی مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیویارک کے معروف ریپبلکن رہنماء،سابق رکن کانگریس اور امریکا میں صف اول کی لابنگ فرم “ہالینڈ اینڈ نائٹ” کے نمائندے ٹام ریلنڈزنے ملاقات کی۔ یہ ملاقات واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی۔اس موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارت خانے اور فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔یہ لابنگ فرم امریکا کے سیاسی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاک امریکا تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرے گی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم میں وسیع انتظامی تجربہ کے حامل ماہرین اور خاص کرٹام رینلڈز جیسے وسیع تجربے کے حامل سابق رکن کانگریس کی موجودگی انتہائی خوش آئند ہے۔
شاہ محمود قریشی