وزیراعظم عمران خان عسکری قیادت کے ہمراہ امریکا پہنچ گئے

338

اسلام آباد (خبر ایجنیساں) وزیراعظم عمران خان عسکری قیادت کے ہمراہ 5 روزہ دورے پر امریکا روانہ ہوگئے ‘ وفد میں جنرل قمر جاوید باجوہ ، سربراہ آئی ایس آئی فیض حمید، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور عبدالرزاق دائود شامل ہیں۔ وزیراعظم کل (22جولائی کو) صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریںگے‘ 23 جولائی کو وزیر خارجہ مائیک پومپیو، اسپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات ہوگی۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہصدر ٹرمپ وزیر اعظم پاکستان کا اوول آفس میں گرمجوشی سے خیر مقدم کریںگے‘بعد ازاں ورکنگ لنچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں کیبنٹ ارکان اور سینئر پنٹاگون رہنما شرکت کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 5 روزہ دورے پر امریکا چلے گئے‘ عمران خان صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اعلیٰ امریکی قیادت سے  ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا‘ وزیراعظم عمران خان پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور زلفی بخاری پہلے سے امریکا میں موجود ہیں۔ 22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہائوس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاس کا دورہ کرائیں گے۔ اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات ہو گی‘ عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی23جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے‘ پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے‘23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں امریکی حکام نے کہا ہے کہ وائٹ ہاوس کی جانب سے پاکستان کے سربراہ کو دعوت اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کی ازسرنو تشکیل اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے کی عکاس ہے‘ 22 جولائی کو وائٹ ہاوس میں صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان بات چیت دونوں رہنمائوں کے مابین پہلا فیس ٹو فیس رابطہ ہو گا۔ پاکستانی وفد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سربراہ آئی ایس آئی بھی شامل ہیں۔