اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس‘ 25 جولائی کو احتجاج کی حکمت عملی طے

127

لاہور (آن لائن) پاکستان کی مختلف اپوزیشن سیاسی جماعتوں کا ایک مشترکہ اجلاس گزشتہ روز ن لیگ کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا‘ سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پیپلز پارٹی، جمعیت علما اسلام (ف) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے وفود نے شرکت کی۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے خلاف نیب کی انتقامی کارروائیوں، احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے معاملے اور مہنگائی کے خلاف اظہار خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 25 جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ بعدازاں اپوزیشن جماعتوں نے25 جولائی کو وزیراعظم عمران خان اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو ملک بھر کی تمام اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ وزیراعظم اور مہنگائی کے خلاف اسمبلیوں کے باہر احتجاج کریں گی‘ حکومت کے خلاف تحریککو انجام تک پہنچایا جائے گا جبکہ 25 جولائی کو چاروں صوبوں کے مختلف شہروں میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔