پنجاب پولیس کامنجمد ڈیلی الاؤنس بحال ،کابینہ نے منظوری دیدی

173

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں پولیس کا2005ء سے منجمد فکس ڈیلی الائونس 2013 ء کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری دی گئی،یہ الائونس ہائی وے پیٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی ملے گا۔ کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسران کے لیے ایگزیکٹو الائونس ان کی بنیادی تنخواہ کے1.5گنا کے تناسب سے ملے گا۔ کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ کے 1.5 گنا کے تناسب سے خصوصی الائونس کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ، تحصیل صادق آباد کے علاقے چولستان میں پی پی ایل کو تیل کی تلاش کے لیے اراضی دینے کا فیصلہ۔حالیہ بار شوں میں کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگایاجائے گا، ازالے کے لیے امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔27 اضلاع کے 55 متاثرہ دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا،جہاں پر آبیانہ اور مالیہ معاف ہوگا۔ کابینہ نے پہلی سیاحتی پالیسی کی منظوری اور سیاحوں کے لیے خصوصی مراعات کا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں یکساں نظام تعلیم کے لیے میٹرک تاایف ایس سی کے امتحانات کے لیے گریڈنگ سسٹم کا پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری دی گئی،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ ہمارے بچے انٹرنیشنل لیول پر مقابلہ کرسکیں۔پنجاب کابینہ نے آئندہ سے سرکاری اراضی اوپن آکشن کے تحت لیزپر دینے کی منظوری دی،جن کاشتکاروں نے 80فیصد اراضی کو آباد کیا ہے انہیں مالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران، معاونین خصوصی ،چیف سیکرٹری اوراعلی حکام نے شرکت کی ۔