گلگت:پی آئی اے کی پرواز خوف ناک حادثے سے بچ گئی

360
گلگت: حادثے کا شکار پی آئی اے کا طیارہ زمین میں دھنسا ہوا ہے
گلگت: حادثے کا شکار پی آئی اے کا طیارہ زمین میں دھنسا ہوا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلگت ائرپورٹ پر موجود ایوی ایشن کے سینئر افسران نے گلگت میں پی آئی اے کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے کوخاتون پائلٹ کی غلطی کا نتیجہ قراردیا ہے۔ ہفتے کی صبح اسلام آباد سے گلگت آنے والا اے ٹی آر طیارہ رن وے سے پھسل کر کچے میں اتر گیا جس سے طیارے کے انجن اور دیگر پرزوں کو شدید نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے مسافروں اور عملے سمیت تمام54 افراد محفوظ رہے۔ ماہرین کے مطابق لینڈنگ میں تاخیر کی گئی اور طیارہ مقررہ مقام سے کافی آگے لینڈ ہوا۔ جس کے باعث طیارے کو رن وے کی حدود میں روکنے کے لیے ایمرجنسی بریک لگائے گئے مگر طیارہ کچے میں اتر گیا۔ اسلام آباد گلگت پرواز-605 PK کو خاتون پائلٹ کیپٹن مریم مسعود اور فرسٹ آفیسر وقاص آپریٹ کر رہے تھے۔ طیارے میں سوار 48 مسافر اور عملے 6 ارکان تو محفوظ رہے مگر ایمرجنسی بریک لگانے سے رن وے پر نشان پڑ گئے۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق طیارہ پھسل کر دائیں جانب جھک گیا جس سے دائیں انجن کو نقصان پہنچا اور اس کے پروپائیلر ٹوٹ گئے ہیں۔ طیارے کے کیبن کے اندر بھی متعدد پینل ٹوٹ گئے، پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیپٹن مریم مسعود تجربہ کار پائلٹ ہیں اور اسلام آباد گلگت روٹ پر پرواز کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثہ کے بعد دونوں پائلٹوںکے خون کے نمونے حاصل کرلیے ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔