قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز کل سے ہوگا

190

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل پی سی بی کا ہائی پرفارمنس کیمپ کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں شروع ہوگا۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔ کیمپ میں شریک 17 کھلاڑی آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کریں گے۔کیمپ کا مقصد جنوبی افریقا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وائٹ واش کرنے والے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔6 ہفتوں پر مشتمل کیمپ کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کل سے شروع ہونے والے کیمپ کا پہلا حصہ عید الضحیٰ سے قبل مکمل ہوجائے گا، جہاں تینوں فارمیٹ کے اعتبار سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں ں میں نکھار لانے کے لیے خصوصی محنت کی جائے گی۔ کیمپ کا دوسرا حصہ عید کی چھٹیوں کے بعد شروع ہوگا، جس میں مختلف پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائیگا۔ کیمپ کا مقصد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ اورآئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 ء کے لیے بھی تیار کرنا ہے۔ اس موقع پرسینئر جنرل منیجر اکیڈمیز پی سی بی علی ضیاء کا کہنا ہے ” ہم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔ کوچ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی روشنی میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔””قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی تیاری کیلئے ریجنل اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں طلب کرنے پر غور کررہے ہیں۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی انڈر 19 سکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔”علی ضیاء کا مزید کہنا تھا کہ ”بیٹسمینوں کی دفاعی قابلیت میں اضافے کے لیے ہم کیمپ میں کھلاڑیوں کوخصوصی طور پر سرخ رنگ کے گیند سے بھی پریکٹس کروائیں گے۔ ایشیا کپ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے جونیئر سلیکشن کمیٹی بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔”جنوبی افریقا میں ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سینیئر جنرل منیجر اکیڈمیز پی سی بی نے کہا ”میزبان ٹیم کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں نے وائٹ واش کرکے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیاجو آئندہ سال جنوبی افریقا میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں کے لیے مددگارثابت ہوگا۔ اس سے قبل قومی کھلاڑیوں نے سری لنکا کی ا سپن پچز پر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔”ہائی پرفامنس کیمپ میں طلب کئے گئے کھلاڑیوں میں روحیل نذیر (اسلام آباد)، حیدر علی (راولپنڈی)، عباس آفریدی (فاٹا)، اختر شاہ (کوئٹہ)، عامر علی (لاڑکانہ)ودیگر شریک ہیں۔