الجیریا نے 29 برس بعد افریقا کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

212

قاہرہ (جسارت نیوز) الجیریا نے افریقا کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں سینیگال کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، الجیریا نے آخری مرتبہ 1990ء میں افریقہ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ مصر میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں الجیریا اور سینیگال کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے الجیریا کا ساتھ دیا اور اس نے حریف ٹیم کو 1-0 گول سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، میچ کے دوسرے ہی منٹ میں بغداد بوندجا نے گول کر کے الجیریا کو برتری دلائی جو نہ صرف پہلے ہاف بلکہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسطرح الجیریا نے سینیگال کو 1-0 گول سے ہرا کر 29 برس بعد دوبارہ افریقہ کپ آف نیشنز کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔