عبدالغنی فٹبال ،خیبر مسلم کی شاندار کامیابی ،سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کا تیسرا شاندار کوارٹر فائنل میچ کلری اسٹار اورخیبر مسلم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نیایک دوسرے کے خلاف سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس کوشش میں میچ کے 27 ویں منٹ میں خیبر مسلم کے اسٹرائیکر جنید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلادی۔اور کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک ایک گول کی سبقت برقرار رہی۔ اس شاندار کوارٹرفائنل میچ کے مہمان خصوصی سانق نیشنل فٹبالر عباس بلوچ تھے۔جن کا میچ کے دوسرے ہاف سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کا دلکش کھیل دیدنی تھا جہاں ایک طرف کلری اسٹار کی ٹیم برتری کو ختم کرنے کی کوششوں میں نظر آئی تو دوسری طرف خیبر مسلم کی ٹیم اپنی برتری کو دوہری کرنے کی کوششوں میں لگی رہی اس کوشش میں میچ کے 87 ویں منٹ میں خیبر مسلم کی طرف سے بلال آفریدی نے گول اسکور کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی گرفت مستحکم کرلی۔اسی اسکور پر یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس طرح خیبر مسلم کی ٹیم نے یہ شاندار کوارٹر فائنل میچ صفر کے مقابلے میں 2 گول سے جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔میچ کو ریفری غلام عباس نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفری میں عبدالباقی اور حیدر علی شامل تھے۔ میچ ریفری کے فرائض استاد عبدالطیف نے انجام دیے۔جبکہ میچ کمشنر مولا بخش، جمیل احمد اور پیر محمد پیرل تھے۔ ٹورنامنٹ کا چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل آج چنیسربلیوز اور ہنٹر اسپورٹس کے درمیان شام 4 بجے کھیلا جائے گا۔