دھابیجی میں بجلی کا بریک ڈائون، پانی کی لائن پھٹنے سے کراچی کو فراہمی معطل

264

 

کراچی /دھابیجی (اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، 20 پمپ بند، پانی کے بیک پریشر سے 72 انچ کی مرکزی لائن پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل، مرمت کا کام جاری۔ واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ہفتے کی صبح چار بجے بجلی کے اچانک ہونے والے بریک ڈاؤن سے 20 پمپ بند ہوگئے جس کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی جبکہ پانی کے بیک پریشر سے زیر زمین گزرنے والی 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 پھٹ گئی جس کے باعث بڑی مقدار میں پانی ضائع ہونے سے نیشنل ہائی وے سمیت بڑا علاقہ زیر
آب آگیا، جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی اور متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ اطلاع پر واٹر بورڈ گھارو ڈویژن سول کے آفیسر لال محمد سموں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا والو بند کروایا اور لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا۔ واٹر بورڈ انتظامیہ کے مطابق لائن کی مرمت کا کام رات تک مکمل کرلیا جائے گا۔ پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہا۔واٹربورڈ حکام کے مطابق کراچی کو پانی کی سپلائی جزوی طور پر معطل ہے، شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں۔ شہر کو صرف 20 ملین گیلن ہی پانی فراہم کیا گیا ہے۔بریک ڈاون کے باعث پھٹنے والی پائپ لائن کی مرمت کے لئے انجینئرز اور تکنیکی عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔واٹربورڈ حکام کے مطابق بجلی 4 سے ساڑھے 4 بجے تک بند رہی۔ شہر کو 2 کروڑ گیلن پانی کم فراہم کیا گیا۔