پولنگ اسٹیشن کے اند فوج تعیناتی پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ، الیکشن کمیشن میں درخواست جمع

199

 

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے 23جولائی کو ہونے والے گھوٹکی کے حلقہ NA-205کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج کی تعیناتی پر سوال اٹھادیا ہے اورکہا ہے کہ عام انتخاب میں ہوئی غلطی ضمنی
الیکشن میں نہ دہرائی جائے،پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج کی تعیناتی سے اہم ادارہ متنازع ہوگا،حکومت کو کیا ضرورت ہے کہ وہ الیکشن میں فوج کو پولنگ بوتھ کے اندر تعینات کرائے ؟۔ الیکشن کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے دیگر کئی راستے موجود ہیں۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے صدر نثار کھوڑو ،سیکرٹری جنرل وقارمہدی، تاج حیدر و دیگر نے درخواست الیکشن کمیشن سندھ میں جمع کرادی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن گھوٹکی کے ضمنی انتخاب میں فوج کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تعینات کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے تاکہ انتخا بات آزادانہ اور منصفانہ منعقد ہو سکے۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج موجود ہوگی تو ووٹر ز کس طرح آزادنہ ووٹ ڈال سکے گا ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نثارکھوڑو نے کہا کہ سیکورٹی کے خدشات پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوتے ہیں نہ کہ اندر۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر چند ووٹر ہوتے ہیں اور اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوتا ہے تو پولیس آسانی سے نمٹ سکتی ہے، گھوٹکی الیکشن میں کسی نے بھی فوج تعینات کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔2018ء کے انتخاب میں فوج کوپولنگ اسٹیشن کے اندرتعینات کرکے الیکشن کومتنازع بنادیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے رکن صوبائی اسمبلی علی نوازمہرکو مخالف امیدوار کی حمایت کرنے پرشوکازنوٹس جاری کیا ہے۔