سعودی سفیر نواف المالکی کا دورہ لیسوا، علاقے کی تعمیر نو کا اعلان

155

مظفرآباد (صباح نیوز) سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی کا دورہ لیسوا، سانحے سے متاثرہ علاقے کے لیے اربوں روپے کے امدادی پروگرام کا اعلان کردیا۔ تمام متاثرین کیلیے پختہ گھر، 3 شہید مساجد، ایک اسکول اور ایک اسپتال کی تعمیر کے علاوہ متاثرین کو متبادل اراضی سعودی حکومت کی طرف سے خرید کر دینے کا اعلان کردیا۔ سعودی سفیر نے گزشتہ روز بغیر کسی پروٹوکول کے وادی نیلم کے متاثرہ علاقے
لیسوا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے ذمے داران موجود تھے۔ سعودی سفیر نے سانحے پر شدید افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل بحالی اور تعمیر نو کا اعلان کیا۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ سعودی سفیر نے اس موقع پر فوٹو سیشن سے مکمل پرہیز کیا اور موبائل رکھنے والے احباب کو بھی فوٹو بنانے سے منع کیا۔ سعودی سفیر نے اعلان کیا کہ جملہ ترقیاتی کام پاکستان آرمی کی نگرانی میں کروائے جائیں گے۔ جس پر متاثرین نے سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یاد رہے کہ متاثرہ علاقے میں صدر آزادکشمیر، اسپیکر، وزرا، چیف سیکرٹری اور آئی جی کے علاوہ دیگر حکومتی و سرکاری شخصیات نے دورے کیے اور فوٹو سیشن کے علاوہ موقع پر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس پر متاثرین شدید غم وغصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔