سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،صدرمملکت

170

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ متبادل توانائی وقت کی ضرورت ہے ، توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو ہوا اور شمسی توانائی سے پورا کیا جا سکتا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی،اپناکاروبار رجسٹرڈ کرواکر ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا تاجروں کی قومی ذمے داری ہے،حکومتی اقدامات سے معاشی بہتری کی امید ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے
ہفتے کو کراچی میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر ہائوس میں شمسی توانائی کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع بروئے کار لانے پرزوردیا ،جوہری اور آبی ذرائع توانائی کے سستے ترین ذرائع ہیں جبکہ بجلی کی پیداوار کے لیے ہوا اور شمسی ذرائع کو بھی بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی پربھی بھرپورتوجہ دینے کی ضرورت ہے، تاجروں کوقومی فریضہ سمجھ کر اپنا کاروبار رجسٹرڈ کرواکر ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہیے۔ ایف بی آر میں ریفارمز کی جا رہی ہیں، حکومت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے،معاشی عدم استحکام سب سے بڑا مسئلہ ہے،حکومتی اقدامات سے معاشی بہتری کی امید ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے د ہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے جس کے بعد بیرون ملک سے سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں تعمیر قوم کے تحت سرسبز تحریک سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا ہے کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں بلین ٹری سونامی منصوبہ اہمیت رکھتا ہے،صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان لوگوں کی اچھی صحت اور صحت مندانہ ماحول میں بہتر ی کے لیے ضروری ہے صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان مہم کی کامیابی کے نتیجے میں ملک میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔