مرید عباس قتل کیس :مالیاتی اسکینڈل کی شکل اختیار کر گیا

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کے الزام میںگرفتار عاطف زمان 26 افراد سے 1 ارب 26 کروڑ 25 لاکھ 6 ہزار روپے کی رقم سرمایہ کاری کے نام پر لے چکا تھا ، سب سے بڑی رقم 51 کروڑ 50 لاکھ روپے یا سر نامی شخص کے تھے ، پولیس نے ملزم عاطف کی جانب سے کاروباری شراکت داروں سے وصول کی گئی رقم کی رپورٹ تیار کرلی ،پولیس رپورٹ کے مطابق عاطف 26 افراد سے 1 ارب 26 کروڑ 25 لاکھ 6 ہزار روپے کی رقم لے چکا تھا اور اسے مبینہ سرمایہ کاروں کو 1 ارب 56 کروڑ 37 لاکھ 76 ہزار روپے کی رقم ادا کرنی تھی۔رپورٹ کے مطابق ملزم عاطف کو سرمایہ کاروں کو رقم پر
30 کروڑ 15 لاکھ 20 ہزار روپے منافع دینا تھا جس میں مقتول مرید عباس کے 2 کروڑ 93 لاکھ 12 ہزار روپے بھی شامل تھے جب کہ ملزم مقتول مرید عباس کو 11 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار روپے دے چکا تھا۔مقتول خضر حیات کے عاطف زمان کے پاس ایک کروڑ 58 لاکھ روپے موجود تھے اور ایسے 31 لاکھ 60 ہزار کی رقم کا منافع ملنا تھا۔ملزم عاطف کے دوست محمد یاسر کے 51 کروڑ 50 لاکھ روپے مبینہ کاروبار میں لگے تھے اور انہیں 12 کروڑ 87 لاکھ 50 ہزار روپے کا منافع ملنا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ قتل کیس کے عینی شاہد عمر ریحان کی 8 کروڑ 56 لاکھ کی سرمایہ کاری تھی اور انہیں سرمایہ کی گئی رقم پر 2 کروڑ 14 لاکھ روپے ملنے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عاطف زمان کے پاس 26 مرکزی سرمایہ کاروں کا معاملہ ہے جن کے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین میں سے کسی نے بھی کاروباری دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرانے کے لیے رابطہ نہیں کیا، پولیس کے پاس صرف دوہرے قتل کی تفتیش کا مینڈیٹ ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مالی دھوکا دہی کی تحقیقات کے لیے پولیس چیف کو خط بھیجا گیا ہے جس میں دھوکے کی تفتیش نیب سے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، آئی جی سندھ نیب تفتیش کی درخواست چیف سیکرٹری سندھ کو ارسال کریں گے۔