بااثر زمیندار اور آبپاشی عملہ پانی چوری کے ذمے دار ہیں، آبادگار

210

 

شادی لارج (نمائندہ جسارت) دبنی مائنر کے بااثر زمینداروں کی جانب سے محکمہ آبپاشی کی ملی بھگت سے واٹر کورس توڑکر سائز بڑا کرنے کیخلاف ٹیل کے آبادگاروں کا مظاھرہ اور دھرنا۔ دبنی مائنر کے ٹیل کے آبادگاروں نے دبنی نہر کے بااثر زمینداروں فیصل، شکیل، منظور پنجابی کی جانب سے محکمہ آبپاشی کی ملی بھگت سے واٹر کورس A.R.۔5۔ کو توڑ کر واٹر کورس کا سائز بڑا کرنے اور واٹر کورس کو نیچے کرنے کیخلاف مظاہرہ کیا اور پریس کلب شادی لارج کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر ٹیل کے آبادگاروں دریا خان ہالو، چودھری ریاست، یعقوب احمدانی، عدنان کے کے نے کہا کہ بااثر زمینداروں نے محکمہ آبپاشی کی ملی بھگت سے اپنے واٹر کورس توڑ کر اس کا سائز بڑا کرنے اور واٹر کورس کو نیچے کردیا ہے، جس کی وجہ سے دبنی مائنر کی ٹیل میں پانی کی روانی میں کمی واقع ہوئی ہے اور مذکورہ واٹر کورس ناجائز طریقے سے پانی چوری کررہا ہے، جس سے ٹیل کی چار ہزار ایکڑ زمین پانی نہ ملنے سے بنجر بن گئی ہے اور چھوٹے آبادگار پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ آبپاشی اور بااثر زمینداروں نے اپنا موقف دینے سے انکار کردیا۔ متاثرہ آبادگاروں نے صوبائی وزیر آبپاشی، ایکسیئن، ایس ڈی او آبپاشی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔