بھارت جیسے ملک سے ہمیں اچھی توقع نہیں کرنی چاہیے، اعجاز الحق

243

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ جنرل محمد ضیاء الحق شہید کا اکتیسواں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، مسلم لیگ (ضیاء) کے پلیٹ فارم سے ان کی شہادت کے حوالے سے اہم اعلان بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کو پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکلات کا شکار ہے، کشمیر میں بھارتی فوج ظلم ڈھارہی ہے اور عالمی برداری کی خاموشی حیران کن ہے، ہمیں اس صورت حال کے مقابلے کے لیے ایک قوم بننا ہوگا۔ صدر جنرل محمد ضیاء الحق شہید نے جرأت مندانہ فیصلے کیے اور ملک کو اس وقت بحران سے باہر نکالا تھا۔ انہوں نے بھارت کے اس وقت کے وزیر اعظم کو صرف ایک ہی پیغام دیا تھا کہ اگر کوئی گڑ بڑ کی تو ہم ایک ہی وار میں بھارت کو سبق سکھا دیں گے ۔ بھارت جیسے ملک سے ہمیں کبھی اچھی توقع نہیں کرنی چاہیے، وہ ہمارے حالات خراب کرنے کے لیے کلبھوشن جیسے بدکردار تیار کرتا رہے گا۔ ہمارے ہمسائے ممالک میں داخلی صورت حال بہت تشویش کا باعث ہے، ہمیں اس وقت ملک میں استحکام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا جاسکے۔