موجودہ حالات میں عوام کیلیے دو وقت کی روٹی پورا کرنا بھی محال ہوگیا ہے

255

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)صدر فوڈ بورڈ، نائب صدر انجمن تاجران سپریم کونسل حاجی نعیم احمد نے مرکزی بینک کی جانب سے رواں مالی سال مہنگائی کے بلند ترین سطح پر پہنچنے اور بجلی،گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کے عندیے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوام کیلیے دو وقت کی روٹی پورا کرنا بھی محال ہوگیا ہے، شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافے سے کاروبار تباہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافہ تباہ حال معیشت پر خود کش حملے کے مترادف ہے۔ اسٹیٹ بینک بظاہر خود مختار ادارہ ہے لیکن آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کیا جارہا ہے جس پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی بد حال ہو چکے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں گیس اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ رواں مالی سال میں مہنگائی میں12فیصد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس سے غریب طبقات میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں غریب عوام کو زندہ درگو ر کرنے کا باعث بن رہی ہیں کیونکہ غریب پہلے ہی دو سے ایک وقت کی روٹی پر آگیا ہے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے اور بجلی اور گیس کی قیمتوں کو کم کر کے دو سال تک منجمد کیا جائے۔