کوئٹہ، فرائض میں غفلت پر سول سنڈیمن اسپتال کی 16 نرسز فارغ

182

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) غیر حاضری اور سرکاری فرائض میں غفلت برتنے پر سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کی 16 نرسز کو اسپتال کی ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر سلیم ابڑو کے مطابق ذمے داریوں سے فارغ ہونے والوں میں ایک میل نرس اور پندرہ خواتین نرسز شامل ہیں جنہیں محکمہ صحت بلوچستان کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسپتال سے فارغ کردہ نرسز اپنی جائے تعیناتی سے غیر حاضر تھیں جس کی وجہ سے ایمرجنسی سروس کے علاوہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ تنبیہہ کے باوجود غیر حاضر نرسز اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئیں جس پر تمام غیر حاضر نرسز کی تنخواہیں بند کردی گئیں، اسپتال کی ذمے داریوں سے فارغ کرکے محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹر سلیم ابڑو کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھے کسی کو تنخواہیں نہیں دے سکتے۔ ذمے داریوں سے غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔