نوابشاہ، ممکنہ بارشوں سے قبل ہی شہر میں گٹر ابل پڑے، بلدیہ عملہ غائب

190

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) ضلع شہید بے نظیر آباد میں ممکنہ بارشوں سے قبل ہی شہر کے تجارتی، مرکزی اور رہائشی علاقوں میں بلدیاتی عملہ غائب ہونے کے باعث گٹر ابل پڑے، ضلعی انتظامیہ کے تحت ہونے والے اجلاس میں شہر کی صورتحال پر دیے جانے والے احکامات کی بھی دھجیاں بکھیر دی گئیں جبکہ محکمہ بلدیات اور پبلک ہیلتھ میں رسہ کشی نے سنگین نوعیت اختیار کرلی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی پر بارشوں سے قبل ہی شہر کی صورتحال انتہائی بدترین شکل اختیار کر گئی ہے، صفائی ستھرائی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ شہر کے تجارتی، مرکزی اور رہائشی علاقوں میں گٹر ابل پڑے ہیں جبکہ ڈسپوزل کی خستہ حالی اور اس مد میں رکھی جانے والی رقم کا بھی استعمال نہیں کیا جاسکا، شہر بھر میں قائم ڈسپوزل کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ شہریوں کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ بلدیہ نوابشاہ کے چیئرمین کو شہر کے حوالے سے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے کچھ عرصہ قبل دورے کے موقع پر خصوصی ہدایت دی تھیں لیکن ان احکامات پر بھی عمل نہیں ہوسکا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے موجودہ بلدیہ چیئرمین کی کارکردگی سے سخت نالاں ہیں اور جابجا پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے بھی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔ گزشتہ دنوں کمشنر شہید بے نظیر آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ہدایت جاری کی گئی کہ ممکنہ بارشوں سے قبل ہی شہر کی صورتحال کی بہتری کے اقدامات کیے جائیں لیکن ان احکامات پر بھی عمل درآمد ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔