اسپتالوں کی حالت جلد بہتر بنائی جائے گی، غلام حیدر چانڈیو

156

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) کھلی کچہری کے دوران ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امتیاز کاکا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون طاہر احمد میمن، اسسٹنٹ کمشنر ہالا عبدالمجید زہرانی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی غلام اکبر ناریجو، ایم ایس بھٹ شاہ ڈاکٹر غلام عباس شیخ سمیت دیگر متعلقہ عملدار موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو نے کھلی کچہری کے دوران عوام کی طرف سے پیش کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے محکمہ صحت کے عملداروں کو اسپتالوں میں ادویات کی کمی کو ختم کرنے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے، لیبارٹریز، مشینوں کی حالت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے انتظامات میں ہنگامی بنیادوں پر بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اعلیٰ اختیاریوں کی طرف سے دیے گئے احکامات کے مطابق عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلع بھر کے اسپتالوں میں سروس ڈیلیوری بہتر کرنے کے لیے دن رات کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام جلد اسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امتیاز کاکا نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے ضلع کے اسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے موثر حکمت عملی کی جارہی ہے اور اس مقصد کے لیے عوامی کھلی کچہریاں منعقد کی جارہی ہیں تاکہ عوام کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو نوٹ کرکے صحت کے مراکز میں بہتری لانے کے لیے جامع سفارشات مرتب کرکے حکومت سندھ کو ارسال کی جائیں گی تاکہ صحت کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔