حکومت ریلوے اراضی کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرے

207

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ہر شہری کی جان، مال، عزت و آبرو کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمے داری ہے لیکن افسوس موجودہ حکومت یہ ذمے داری ادا کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ یہ بات سنی علماء کونسل ضلع حیدرآباد کے امیر علامہ عبدالصمد حیدری نے پونے سات لطیف آباد میں لگے احتجاجی کیمپ میں ریلوے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یوسی 55 لطیف آباد نمبر 1 میں ریلوے لائن کے ساتھ آباد بنگالی کالونی، مئیو محلہ، کرسچن کالونی، جمالی پاڑہ جوکہ سابق مرحوم صدر ایوب خان کے دور سے آباد ہے اور محکمہ کچی آبادی نے انہیں فردیت جاری کی جبکہ بجلی، گیس، پانی اور ٹیلی فون سمیت دیگر محکموں نے تمام سہولتیں فراہم کی ہیں لیکن اب انہیں قابضین قرار دے کر ان کے گھروں کو مسمار کرنا بہت بڑی نا انصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پلیا سے لے کر گدو پل تک ریلوے لائن کے ساتھ لاکھوں لوگ آباد ہیں، اتنی بڑی آبادی کو مسمار کرنے سے بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہوگا۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوں گے اور ہزاروں بچوں کا تعلیمی مستقبل تباہ ہوجائے گا۔ حکومت اتنی بڑی آبادی کو مسمار کرنے سے قبل انہیں متبادل جگہ یا مناسب ریلیف دے جو کہ حکومت کے اختیار میں ہے۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں اہلسنت علما آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔