بارشوں سے قبل پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، سہیل مشہدی

182

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میئر حیدرآباد سید سہیل مشہدی نے مون سون کی متوقع بارشوں کے سلسلے میں کالی موری، رشی گھاٹ، سردار کالونی، پھلیلی، پریٹ آباد، ٹنڈو یوسف، گلشن حامد ودیگر علاقوں اور وہاں قائم پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ پھلیلی نہر کے اوور فلو ہونے سے مختلف علاقوں میں جمع ہونے والے سیوریج کے پانی کی نکاسی کے سلسلے میں افسران و عملے کو اس صورتحال میں عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ میئر حیدر آباد کی ہدایت پر بلدیہ کے شعبہ صحت نے دال پاڑہ، مصطفی کالونی، لالو لاشاری، لیاقت کالونی، اوڈین سنیما، گورنمنٹ کالج کالی موری و دیگر علاقوں میں فوری طور پر پمپنگ مشین نصب کرکے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں میں عوام سے بات چیت کرتے ہوئے میئر حیدر آباد سید سہیل مشہدی نے کہا کہ ہمیں شہریوں کو درپیش مسائل کا پوری طرح ادراک ہے اور آپ کے تمام منتخب نمائندے محدود بلدیاتی وسائل میں ان مسائل کا تدارک کرنے میں کوشاں ہیں۔ ہم شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول کی فرا ہمی میں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہیں بلکہ ہم نے دیگر اداروں، محکمہ آبپاشی اور واسا کو بھی ان کی ذمے داریوں کے حوالے سے خطوط ارسال کیے ہیں اور ان کی توجہ بھی شہریوں کے مسائل کی طرف مبذول کرائی ہے۔ پھلیلی نہر کے پانی کے لیول کو ڈائون کرنے اور پمپنگ اسٹیشنوں کو بھی ہمہ وقت اپنا کام جاری رکھنے کی تاکید کی ہے۔ میئر حیدرآباد سید سہیل مشہدی کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی راشد خلجی، مختلف یوسیز کے چیئرمینز اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔