سرکار کالونیاں مسائل کی آماجگاہ بن گئیں

182

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدر آباد کے چیئرمین شاہد سومرو نے کہا ہے کہ حیدر آباد کی سرکاری کالونیاں نیو وحدت کالونی، اولڈ وحدت کالونی، پیون کالونی سمیت دیگر عمارتیں محکمہ حیدر آباد کی نااہلی کے باعث لاوارث بنی ہوئی ہیں۔ 30 سالہ پرانا ڈرینج سسٹم پریشر لائن اب مکمل طور تباہ ہوچکا ہے۔ بلڈنگس عملہ ان لائنوں کی مرمت کراتا ہے جو کچھ دنوں کے بعد پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے، اس وقت گلیاں سیوریج کے گندے پانی سے بھری ہوئی ہیں۔ نیو وحدت کالونی کی بی ٹائپ کے کوارٹروں کی گلی میں ایک ماہ سے سیوریج کا پانی کھڑے ہونے سے کیڑے، جراثیم اور تعفن پھیل رہا ہے، گٹر لائن بیٹھ چکی ہے۔ راستے کھنڈر بن ہوئے ہیں۔ سرکاری کالونیوں میں منتخب نمائندے ہمیشہ الیکشن کے وقت چکر کاٹتے ہیں اور ووٹ لے کر کامیاب ہونے کے بعددوبارہ یہاں کا رخ نہیں کرتے۔ان کالونیوں کے پارک بھی تباہ ہیں جہاں معصوم بچوں کے بجائے گدھے اور گھوڑے تفریح کرتے نظر آتے ہیں ۔میونسپل کمیٹی قاسم آباد کی جانب سے صفائی کیلئے رکھے جانے والے ڈبے بھی چار سال پہلے مرمت کرنے کا کہہ کر اٹھائے گئے تھے لیکن بار بار کہنے کے باوجودآج تک واپس نہیں رکھے جا سکے۔کچھ دن پہلے چلنے والی تیز ہواؤں کے بعد پھیلنے والا کچراان کالونیوں میں سڑکوں پر ڈھیروں کی صورت میں موجود ہے، میونسپل کمیٹی قاسم آباد کی انتظامیہ نے اسے اٹھانے کی زحمت نہیں کی۔ سرکاری کالونیوں کیاندر مقرر کم تعداد میں خاکروب ریٹائرڈ ہونے کے بعد سیوریج کے نظام کی صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہے۔ سندھ حکومت جب خاکروب بھرتی کرے تب تک علاقہ مکین گندگی کے عذاب کو برداشت کرنے پر مجبور بنے رہیں گے۔سندھ حکومت فوری طور حیدرآباد کی سرکاری کالونیوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے اسپیشل پیکیج دے۔