نارتھ کراچی میںپانی کابحران،20ہزارگھرانے متاثر

254

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرزمیں پانی کا بحران ایک بار پھر سنگین ہو گیا ، گذشتہ10دنوں سے پانی کی بندش سے علاقہ کربلاکامنظر پیش کر رہا ہے جس سے20ہزار گھر متاثر ہو رہے ہیں،متاثرہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے ۔ دوسری جانب واٹر بورڈ نے پانی ناغہ کے دنوں میں نہ صر ف غیر اعلانیہ اضافہ کر دیا بلکہ پانی کی سپلائی کے دوران پریشر بھی معمول سے انتہائی کم کر دیا ہے جس کی وجہ سے اندرونی علاقوں کے مکینو ں کو قلت آب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مکینوں نے پانی کے بحران کو مصنوعی قرار دیا ہے اور اسے ٹینکر مافیا اور واٹر بورڈ حکام کے درمیان گٹھ جوڑ قرار دیا ہے جبکہ شہریوں نے منتخب اراکین قومی او رصوبائی اسمبلی سے پانی کا مصنوعی بحران ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ حکام نے نارتھ کراچی کے سیکٹر 5اے1، سیکٹر 5 اے 2، سیکٹر 5 اے 3، سیکٹر 5 اے 4، سیکٹر 2سیکٹر3،سیکٹر 5سی 4سمیت اس سے ملحقہ آبادیوں میں گذشہ10 دنوں سے پانی بند ہے واٹر بورڈ کا عملہ پانی فراہمی کا شیڈول بتانے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے جس کی وجہ سے مکینوں میں غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے واٹر بورڈ حکام سے پانی کے ناغہ کے دنوں میں غیر اعلانیہ اضافہ کرنے اور پانی کا پریشر کم ہونے کی شکایت کو فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ منتخب اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اپنے علاقوں میں پانی کے بحران کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔