رینجرز نے 2 منشیات فروش، پولیس نے 2 بھتا خور گرفتارکرلیے

164

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز نے کراچی کے علاقے سعود آباد میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، حب چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والے ڈمپر نمبر TAM-251 کی تلاشی کے دوران 16000 کلو گرام غیر ملکی چھالیہ برآمد کرلی گئی،ڈرائیور کو گرفتارکرلیا گیاجبکہ لائنز ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ بھتاخور گرفتار کرلیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیہ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سعود آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان محمد اسلم عرف لاہوتی اور احمد خان کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات بھی برآمدکی گئی ہے اور دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کیلیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا رینجرز کی جانب سے کسٹم حکام کو اسمگلنگ کی روک تھام میں تعاون فراہم کرتے ہوئے حب چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والے ڈمپر نمبر TAM-251کی تلاشی کے دوران 16000 کلو گرام غیر ملکی چھالیہ برآمد کرلی گئی۔گرفتار ڈرائیور ندیم احمد کو ڈمپر اور چھالیہ سمیت کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لائنز ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ بھتا خور گرفتار کرلیے ہیں، ملزمان سے دستی بم، پستول، موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان کا گروہ تاجروں سے کئی بار بھتا وصول کرچکا ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔