اولڈ سٹی ایریا میں 350 دکانیں اورایک پولیس چوکی مسمار

170

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے اولڈ سٹی ایریا کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانوں اور ایک ٹریفک پولیس چوکی مسمار کردی۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے اولڈ سٹی ایریا کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 350 دکانیں، ایک ٹریفک پولیس چوکی، 10 سے زائد کمرے مسمار کر کے دیگر سامان ضبط کرلیا۔کے ایم سی حکام کے مطابق عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے لائٹ ہاؤس کے دو مختلف مقامات پر نالے پر بنائی گئی 280 جھونپڑی نما دکانیں اور نجی اسپتال کی دیوار کے ساتھ بنی 70 دکانوں کو مسمار کیا۔حکام کے مطابق غیرقانونی طور پر تعمیر کھارادر بخاری مسجد کے قریب 4سے زائد کمرے، کورنگی اور لانڈھی میں بھی 6 سے زائد کمروں کو مسمار کیا گیا۔کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران صدر زینب مارکیٹ پر فٹ پاتھ پر بنی پولیس چوکی اور ریگل چوک پر 10 سے زائد وال فکسنگ دکانوں کو توڑ دیا گیا۔حکام کے مطابق صدر پاسپورٹ آفس کے قریب ٹھیلے، پتھارے اور دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔