اراکین سندھ اسمبلی واجبات وصولی کیلیے ہائیکورٹ پہنچ گئے

145

کراچی (نمائندہ جسارت)عوامی مسائل کے لیے آواز اٹھانے والے اپنے ہی واجبات سے محروم ہیں، اراکین اسمبلی کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔ پاکستان تحریک
انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے اراکین اسمبلی کے واجبات کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ خرم شیر زمان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ 2017 ایکٹ کے مطابق اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافہ کیا گیا۔ بل کی منظوری کے باوجود آج تک اراکین اسمبلی کو بل کے مطابق الاؤنسز نہیں دیے گئے۔ سندھ حکومت 60 کروڑ سے زاید کے شارٹ فال کے لیے رقم جاری نہیں کر رہی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ اراکین سندھ اسمبلی کو واجبات ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ دائر درخواست میں وزیر اعلی سندھ، چیف سیکرٹری، اسپیکر سندھ اسمبلی، وزیر قانون سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔